میوات، 29؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ترقی کو نریندر مودی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ کچھ ایسی طاقتیں ہیں جو ہندو مسلم اور ملک کے 125کروڑ لوگوں اور دنیا میں امن وسکون کی دشمن بنی ہوئی ہے اور انہیں منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے۔میوات کے پچھوڑ علاقے میں ایک پروگریس پنچایت کو خطاب کرتے ہوئے نقوی نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ ایسی طاقتیں ہیں جو ہندوستان سمیت دنیا میں امن وسکون کی دشمن بن گئی ہیں، انہیں منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی ملک کی 125کروڑ عوام کے تعاون سے اس پہل میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی ہمارے لیے کوئی ووٹ یا سیاست کا ایجنڈا نہیں ہے بلکہ یہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکولر زم کے نام نہاد سیاسی سورما مسلمانوں کے بنیادی مسائل غربت، بے روزگاری، ناخواندگی پر کبھی باتیں نہیں کرتے بلکہ انہیں ڈرانے اور ان کا سیاسی استحصال کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔مودی حکومت کا سب سے بڑا عزم مسلمانوں کے سب سے بڑے مسئلہ غربت سے جنگ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز اور ہریانہ حکومت مل کر غریبوں، کسانوں، دلتوں اور اقلیتوں کو با اختیار بنانے کے لیے پوری ایمانداری سے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے جب حکومت کے وزراء عوام کے پاس جاکر عوام سے ان کی رائے معلوم کر رہے ہیں اور اپنا رپورٹ کارڈ رکھ رہے ہیں۔